لاہور: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے قومی ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن درست قرار دے دیا ہے۔
آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر فیصلے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے جب کہ چنئی میں ہی بائیو میکینک ٹیسٹ دینے والی پاکستان ویمنز ٹیم کی بولر جویریہ ودود کے بولنگ ایکشن کو بھی کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بولنگ ایکشن درست قرار دیئے جانے پر وہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، اس کے علاوہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے حکام، اپنی اہلیہ اور بچوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں ہمت دلائی اور وہ سرخرو ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سعید اجمل کی طرح محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دے دیا گیا تھا، ان کا بائیو میکینک ٹیسٹ 9 اپریل کو بھارت کے شہر چنئی میں ہوا تھا۔