اسلام آباد، 7 اگست 2020 (ڈیلی پاکستان آن لائن): لبنان کے دارالحکومت بیروت میں منگل کے روز ہونے والے تباہ کن دھماکے کے بعد پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھجوایا گیا ہے۔
پاکستان نے جمعہ کے دن بیروت دھماکے کے متاثرین کیلئے سی 130 طیارے کے ذریعے 8 ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے۔ پاک فضائیہ کے سی 130 جہاز میں بھیجے گئے امدادی سامان میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔
پاکستانی قیادت کا اظہارِ ہمدردی، پاکستانی قوم کی جانب سے لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعیادہ
دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے پاکستان کے لوگوں اور حکومت کی جانب سے بیروت میں ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی پہلے ہی لبنانی لیڈر شپ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔