امدادی رقم سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پر قابو پانے اور اخراجات بڑھانے میں مدد ملے گی۔
۱۷ اپریل ۲۰۲۰، واشنگٹن: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے جمعرات کو کہا کہ اس کے ایگزیکٹیو بورڈ نے ایمرجنسی مدد کے تحت پاکستان کے لیے 138 کروڑ ڈالر دینے کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کو ادائیگیوں میں توازن برقرار رکھنے میں مدد کرے گی۔
پاکستان کو یہ امدادی رقم آئی ایم ایف کے ریپیڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کی مد میں جاری کی جائے گی۔ امدادی رقم سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پر قابو پانے اور وبا سے نمٹنے کے لیے عارضی اخراجات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کو یہ رقم مختلف مخصوص شعبوں میں استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ رقم دینے کا مقصد پاکستانی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کرنا ہے۔
آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر جیوفرے اوکاموٹو نے کہا ہے کہ موجودہ واجبات کی ادائیگیوں کے توازن کو بند کرنے اور ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ کم کرنے کے لیے پاکستان کو فوری امداد کی ضرورت تھی۔