(محمد عرفان شفیق، کویت) ٹیم ہم سب کا پاکستان کے ممبران نے کویت میں تعینات سفیر پاکستان ملک محمد فاروق سے ملاقات کی اور کویت آمد پر خوش آمدید اور سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ٹیم کی قیادت ہم سب کا پاکستان کے صدر انعام مورگانائیٹ نے کی۔ ٹیم ممبران نے سفیر پاکستان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید، ہیڈ آف چانسری تحریم الیاس اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال بھی موجود تھے۔
تنظیم کے صدر انعام مورگانائیٹ نے تنظیم کے مشن اور مقاصد کے بارے میں سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم خالصتاً سیاسی مقاصد سے بلاتفریق کویت میں مقیم اپنے ہموطنوں کی مدد کےلیے کوشاں ہے۔ تنظیم کے مقاصد میں قابل ذِکر کویت اور پاکستان کے مابین بہتر برادرانہ تعلقات کی ترویج اور مثبت پہلو اجاگر کرنا ہے۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے تنظیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ دیار غیر میں مقیم ہر فرد ایک سفیر کی حیثیت رکھتا ہے۔ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ایک بہترین کمیونٹی ہے اور
کویت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ بہت سے پاکستانی کویت کی اہم کمپنیوں میں اہم عہدے پر فائز ہیں ۔ ہمیں دیار غیر میں رہتے ہوئے ہر وقت اپنے ملک کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنا ہے۔ کویت کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں۔ اب وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اپنے کویتی بھائیوں کی پاکستان میں سیاحت کے بابت آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد پاکستان کے قدرتی نظاروں سے مستفید ہو سکیں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ کویت اور پاکستان کے مابین تجارت کے اہم مواقع موجود ہیں اور ہمیں پاکستان سے اس ضمن میں برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ سفارتخانہ پاکستان کی خدمات کویت میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔ سفیر پاکستان اور انکا عملہ ان تمام تنظیموں کے لیے ہمہ وقت موجود ہے جو کویت میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہم سب کا پاکستان کی ٹیم میں صدر انعام مورگانائیٹ، عبداللہ عباسی، راشد المرعی، ڈاکٹر جہانزیب عثمان، فیاض وردگ، محمد عرفان شفیق، فیصل جمیل، سلمان خان اوراحمد اشرف موجود تھے۔