کویت سٹی،4 اگست 2020: روزنامہ السیاسۃ کے مطابق کویت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے شعبۂ آپریشنز کے ڈائریکٹر منصور الہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 16 مارچ سے 31 جولائی تک 203,967 مسافر کویت سے روانہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویت ائیرپورٹ پر تمام انتظامات محکمہ صحت کی ہدایات کے عین مطابق ہیں اور مسافروں کے لئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔
الہاشمی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے تعطل کے بعد یکم اگست 2020 کو پروازوں کی بحالی پر دو دن میں 4271 افراد نے کویت آنے یا جانے کے لئے ائیرپورٹ سے سفر کیا۔
ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی کے حوالے سے صورتِ حال کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے اور آنے والے دنوں میں لائحہ عمل واضح ہوجائے گا۔الہاشمی نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے کویت وزارتِ صحت عالمی ادارۂ صحت کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کرتی ہے اور یہ کمیٹی دستیاب ڈیٹا کی روشنی میں احتیاطی تدابیر اور دیگر ہدایات مرتب کرتی ہے اور مسافروں کے لئے کویت ائیرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے کے لئے شرائط طے کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کویت آنے والے مسافروں کے لئے جہاز پر سوار ہونے سے قبل شلونک موبائل ایپ پر رجسٹر کرنا اور کووِڈ 19 سے محفوظ ہونے کا سرٹیفیکیٹ مہیا کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ تمام مسافروں پر 14 دن کا گھریلو قرنطینہ بھی لازم ہے۔