رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ایک لاکھ 35 ہزار افراد تاحال رہائشی علاقوں میں روپوش
کویت سٹی، 29 اپریل، 2020: وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس نے رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے لیے ایمنسٹی (چھوٹ) میں توسیع کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور جمعرات 30 اپریل عام معافی کا آخری روز ہے، جیسا پہلے پلان کے مطابق اعلان کیا گیا تھا۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر داخلہ انس الصالح نے ایمنسٹی سینٹر کے سیکیورٹی افسران کی جانب سے تیار کردہ ایک رپورٹ کا جائزہ لیا۔ رپورٹ میں ایسے افراد کی وطن روانگی کی حتمی تاریخ درج نہیں۔ جس کی وجہ سے سیکیورٹی اہلکاروں اور ملک کی تمام سیکیورٹی ایجنسیوں پر ایک طرف تو کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور دوسری طرف یہ ایک محنت طلب کام ہے وہ بھی کورونا کی موجودہ صورتحال میں جس سے پوری دنیا اس وقت گزررہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ رہائشی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ایک لاکھ 60 ہزار افراد میں سے 25 ہزار افراد ایمنسٹی اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں جو 30 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ایک لاکھ 35 ہزار افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے سے انکاری ہیں اور وہ اب بھی رہائشی علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی میں دیگر دوسری چیزوں کی ضرورت پڑنے کے پیش نظر تمام شیلٹرز یا پناہ گاہوں کو استعمال نہیں کیا جائے ۔