کویت، 4 نومبر 2016(اردو کویت): پاکستان ویمن فورم کویت نے کویت میں مقیم خصوصی بچوں اور ان کے والدین کے لئے خصوصی نشست کا اہتمام کیا۔ ایونٹ کا انعقاد سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ہال میں کیا گیا جس میں لگ بھگ 120افراد نے شرکت کی جن میں خصوصی بچے، ان کے والدین، خصوصی بچوں کی تربیت کے ماہرین اور پاکستانی کمیونٹی کے پیشہ ور افراد شامل تھے۔ اس نشست کے اہتمام کا بنیادی مقصد کویت میں مقیم خصوصی بچوں کے والدین اور بچوں کو پیش آنے والے مسائل اور خصوصی ضرورت سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے مسائل اور تجربات کو زیرِ بحث لانا تھا۔ ایک ایسے وقت پر جب کہ خصوصی ضروریات کے حامل غیرملکی افراد کو بہت کم وسائل دستیاب ہیں، پاکستان ویمن فورم کی طرف سے ان والدین اور بچوں کے مسائل سننے کے لئے نشست کا اہتمام بلاشبہ قابل تعریف ہے جس کا اعتراف تمام والدین، سفیر پاکستان اور کمیونٹی ممبران نے بھی کیا۔ ایونٹ کے دوران نہ صرف والدین اور خصوصی بچوں نے حاضرین سے مخاطب ہوکر اپنے روزمرہ زندگی کے تجربات سے آگاہ کیا بلکہ باقی حاضرین نے بھی خصوصی بچوں کو درپیش چیلنجز سےنمٹنے کے لیے اپنی آراء کا اظہار کیا۔ اس کےعلاوہ خصوصی بچوں کے والدین میں باہمی تعاون اور رابطے کے لئے سپورٹ گروپ کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان جناب غلام دستگیر اور مسز غلام دستگیرتھے ۔ والدین جناب ِسفیر اور پاکستانی کمیونٹی کو اپنے درمیان دیکھ کرکافی خوش دکھائی دئیے۔محترم سفیر نے خصوصی بچوں کے والدین کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم سب نے ایک خاندان کی پرورش کے دوران پیش آنے والے چیلینجزکا سامنا کیا ہے، لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ خصوصی بچوں کے والدین کو کئی گنا زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میں اس موقع پر ان تمام والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ان تمام چیلنجز کا سامنا انتہائی بہادری اور ثابت قدمی سے کرتے ہیں اور اپنے خصوصی بچوں کی تربیت نہایت احسن طریقے سے کررہے ہیں، میں ایسے تمام والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی کمیونٹی نہ صرف اُن والدین کی ثابت قدمی کی معترف ہے بلکہ ہر قسم کے تعاون کے لئے ان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کو تیار ہیں۔ پاکستان ویمن فورم کی صدرمسز ثمینہ مجتبیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی بچوں کے خاندانوں کے لئے سپورٹ نیٹ ورک کی تشکیل کے لئے پاکستانی کمیونٹی کا پُرجوش ردعمل ’’پاکستان ویمن فورم‘‘ کے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے اور خصوصی بچوں کے لئے ہمارے مستقبل کے لائحہ عمل کی طرف انتہائی اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پاکستان ویمن فورم‘‘ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بہتری اور فلاح کے لئے اس طرح کی کوششیں جاری رکھے گا۔
قارئین کو بتاتے چلیں کہ پاکستان ویمن فورم کویت ایک غیرمنافع بخش تنظیم ہے جوکویت میں پاکستانی کمیونٹی کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہے۔