جعلی پاسپورٹ کی خرید و فروخت میں ملوث بنگلادیشی گرفتار

Bengaldeshi passport seller arrested in Kuwait

کویت: حکام نے غیر قانونی افراد کو جعلی پاسپورٹ  مہیا کرنے کے الزام میں ایک بنگلادیشی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم  غیر قانونی بنگلادیشی افراد  کو جعلی پاسپورٹ پر فنگر پرنٹس کے مرحلے سے گزرے بغیر  کویت آنے جانے کی سہولت فراہم کرتا تھا۔ملزم نے جعلی پاسپورٹ کا کاروبار عرصہ ۸ سال سے شروع کر رکھا تھا اور قوی امکان ہے کہ وہ خود بھی جعلی پاسپورٹ پر ہی کویت آیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرکاری جاسوسوں کو ملزم کی سرگرمیوں کے بارے میں خبر ملی تھی جس کی بنیاد پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو ملزم کی مجرمانہ سرگرمیوں پہ نظر رکھے ہوئے تھی۔

ٹیم کے مطابق ملزم نے اپنےایک  ہم وطن کی مالی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۳۰۰ دینار کے عوض اس کا پاسپورٹ ضمانت کے طور پر رکھ لیا اور پھر پاسپورٹ کو غیر قانونی مقاصد کے لئے استعمال کرتا رہا۔ تفتیش کے مطابق ملزم نے پاسپورٹ پر  دوسرے شخص کی تصویر لگا کر اسے کویت سے سفر کرنے کی سہولت فراہم کی۔ ملزم نے اس شخص سے ایک سادہ کاغذ پر  ضمانتی بیان اور دستخط لے لئے۔ جیسے ہی وہ شخص بنگلادیش پہنچا تو اس نے پاسپورٹ ملزم کے ساتھی کو واپس کر دیا جس نے پاسپورٹ آگے دوسرے شخص کے حوالے کر دیا جو بغیر فنگر پرنٹس کے کویت داخل ہونا چاہتا تھا۔

یہ آدمی جیسے ہی کویت پہنچا تو اس نے پاسپورٹ ملزم کو دے دیا جس نےپاسپورٹ کے اصل مالک کی تصویر واپس لگا دی۔ سیکیورٹی اداروں نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے اوراس سے ان تمام افراد کی لسٹ حاصل کر رہے ہیں جن کو ملزم نے غیر قانونی سہولت فراہم کی۔

Exit mobile version