جشن یوم آزادی پاکستان 2020ء کی مناسبت سے بذریعہ زوم میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب سیدسجاد حیدر صاحب تھے. ایک کثیر تعداد میں احباب و کارکنان کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نےشرکت کی۔
پروگرام کی میزبانی کے فرائض اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے نائب صدر جاوید اقبال صاحب نے عمدگی سے ادا کیے اور مہمان خصوصی سفیر پاکستان اور تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
تلاوت قرآن کریم سےپروگرام کا باقاعدہ آغاز مولانا محمد ارشادصاحب نے اپنی خوبصورت آواز سے کیا۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی میڈیا سیل نے قومی ترانہ پیش کیا۔
افتتاحی تقریر میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر مولانا حافظ حفیظ الرحمن صاحب نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا الله پر باکمال انداز میں گفتگو رکھی اور بتایا کہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی تھی انھوں نے مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے شعر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ
میر عرب صلی اللہ علیہ وسلم کو آئی ٹھنڈی ہوا جہاں سے
میرا وطن وہی ہے میرا وطن وہی ہے ۔
مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر صاحب نے دو قومی نظریہ اور قیامِ پاکستان کے وقت بزرگوں کی لازوال قربانیوں پر انتہائی موثر اور احسن انداز میں اظہار خیال کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی بہت ہی مثبت انداز میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اس سے پاکستان کی ایک اچھی تصویر لوگوں کے سامنے آتی ہے۔
کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر رانا اعجاز صاحب نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے تصور پاکستان کے بارے میں انتہائی پُرمغز اور فکر انگیز بات رکھی۔
یوتھ ونگ کے نوجوان محمد حماد نے ملی نغمہ "میرے وطن یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کر دوں” کو زبردست انداز میں پیش کیا۔
جناب طارق مصطفی’ صاحب نے پاکستان اور نوجوان نسل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بہت ہی پُر اثر بات رکھی۔
اختتام میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے قائم مقام صدر مولانا محمد کمال صاحب نے سفیر پاکستان اور دیگر تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے اس کی قدر کرنی چاہیے اور اس کا تقضا یہ ہے کہ جس مقصد کے لیے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا یعنی اللہ کے نظام کو قائم کرنے کے لیے ،اس نظام کو یہاں قائم کیا جائے،
آخر میں محترم مشتاق احمد صاحب نے وطن عزیز کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے بارے میں اللہ تعالی کے حضور دست دعا دراز کیے اور انتہائی لجاجت اور سوز کے ساتھ دعا کرائی۔ پروگرام کی لائیو کوریج بذریعہ زوم اور فیس بک اسلامک ایجوکیشن کمیٹی میڈیا ٹیم نے سر انجام دی۔