مانچسٹر: انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے ہیں اور اسے انگلینڈ پر 244 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر یاسر شاہ 12 اور محمد عباس بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔
تیسرے دن کھیل کا آغاز انگلینڈ نے کیا
مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی مرہونِ مِنت میزبان ٹیم انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 219 رنزپر آؤٹ کرکے 107 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی بولرز نے شاندار پرفارمنس دی، کھیل کے دوسرے روز انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں 62 رنز پر گرائیں اور آج تیسرے دن اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔
آج پہلی ضرب فاسٹ بولر نسیم شاہ نے لگائی اور پوپ کی وکٹ 62 رنز پر اُڑا دی، پھر یاسر شاہ نے اپنی جادوگری دکھاتے ہوئے جوز بٹلر کو 38 ، ڈوم بیس کو ایک اور کرس ووکس کو 19 رنز پر پویلین کا راستہ دکھایا۔
آخری دو وکٹیں شاداب خان نے گرائیں، جوفرا آرچر 16 اور جیمز اینڈرسن 7 رنز بنا کر ان کا شکار بنے اور انگلینڈ کی ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی جبکہ محمد عباس اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز اتنا شاندار نہ تھا جہاں پہلی اننگز میں سنچری داغنے والے شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے اسٹیورٹ براڈ کا شکار ہوگئے۔ جبکہ عابد علی بھی 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس طرح پاکستان کو 33 کے مجموعی سکور پر ۲ وکٹوں سے ہاتھ دھونے پڑے۔
اس کے بعد کپتان اظہر علی 18، بابر اعظم 5، اسد شفیق 29، محمد رضوان 27، شاداب خان 15 اور شاہین آفریدی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے دن کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 8 وکٹوں پر 137 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ پر 244 رنز کی برتری حاصل تھی۔
دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے 2،2 جبکہ ڈوم بیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے تھے اور اپنی دوسری اننگز 107 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی۔