کویت سٹی: 27 جولائی 2020: کویت کمرشل ٹیکسی فیڈریشن کے سربراہ خیران العجمی نے ٹیکسی سروس کی بحالی کے حوالے سے کہا ہے کہ صرف ایک مسافر بٹھانے کی شرط مناسب نہیں اور ٹیکسی سروس کو پہلے کی طرح بحال کیا جانا چاہیے ۔
العجمی نے الرائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسی مالکان کو کورونا وائرس سے پیدا صورتحال میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان پر کاروں کے قرضوں، ڈرائیوروں اور ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے کرایوں کی ادائیگیوں کا بوجھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ایک ٹیکسی میں صرف ایک مسافر کی شرط پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ اس شرط پر عمل درآمد بہت مشکل ہے ، اگر ایک میاں بیوی کو یا ایک ماں بیٹے کو ٹیکسی پر سفر کرنا ہے تو کیا وہ الگ الگ ٹیکسی پرجائیں گے؟ ٹیکسی ڈرائیور ایسی صورتحال میں کیا کریں؟
خیران العجمی
مزید یہ کہ ٹیکسی سروس کو زبردستی بند کرنے سے پرائیوٹ کاروں کے ذریعے غیرقانونی ٹیکسی کے دھندے نے عروج پکڑا ہے اور یہ عجیب بات ہے کہ لائسنس یافتہ ٹیکسی ڈرائیوروں پر توصرف ایک مسافر کی شرط ہے جبکہ غیرقانونی پرائیویٹ کاروں والے ایک سے زیادہ مسافروں کو بیک وقت بٹھا سکتے ہیں۔