کویت سٹی، 15 اپریل ۲۰۲۰: بیرونِ ملک موجود کویتی شہریوں کو واپس لانے کے لئے بنائے گئے دوسرے منصوبے کے فریم ورک کے تحت سفر کرنے والے کویتی شہریوں کو وزارت صحت کی ایپلی کیشن شلونک میں بورڈنگ کارڈ کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ اپنی معلومات کا اندراج کرنا ہوگا۔
دوسری جانب سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے, کویت کے تمام مقامی افراد اور تارکین وطن کی جانچ کے لیے الیکٹرانک طور پر مزید ایک ایپلی کیشن کی تیاری اس وقت تکمیل کے مراحل میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تیار کی جانے والی ایپلی کیشن کا بنیادی مقصد لوگوں کے جمع ہونے کے مواقعوں کو انتہائی حد تک کم کرنا ہوگا۔ اس ایپلی کیشن کا اطلاق کویت میں رہائش پذیر تمام افراد پر ہوگا۔ ایپلی کیشن سے مقامی شہری کی آمدو رفت اور اس کے گھر سے باہر رہنے کی جانچ کی جائے گی اور اس سے یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ مقامی شخص کہاں اور کتنی بار گیا ہے۔ ایپلی کیشن سے مقامی شخص سے ملنے والے لوگوں کی جانچ کی سہولت بھی ممکن ہوسکے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو شہری کویت واپس آرہے ہیں انہیں خود کو شلونک ایپلی کیشن میں اپنا اندراج کرنا ہوگا۔ اس طرح سے حکومت کی جانب سے معین کی گئیں انسداد وائرس کی ٹیمیں ان کی نگرانی اور ان کی صحت کی صورتحال پر نظر رکھ سکیں گی۔ وطن واپس آنے والے شہریوں کے ایپلی کیشن میں اندراج سے ان کے گھر میں رہنے کی مدت کو جانچا جاسکے گا اور ضرورت پڑنے یا کسی بھی شخص میں وائرس کی کوئی علامت ظاہر ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا جاسکے گا۔
گھر یا قرنطینہ سے باہر ہونے یا فون گھر پر چھوڑ جانے کی صورت میں ایپلی کیشن شہری کو میسج اور الرٹ بھیجے گی۔ اگلے 5 منٹ میں جواب نہ آنے پر انسداد وائرس ٹیم اپنی کارروائی شروع کردے گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شخص پر 3 ماہ کی قید یا 5 ہزار دینار کا جرمانہ عائد کیا جائے گا یا یہ دونوں سزائیں بیک وقت بھی متعلقہ شخص کو دی جاسکتی ہیں۔
ایپلی کیشن صرف بیرون ممالک سے آئے افراد کے لیے مخصوص نہیں بلکہ اس کا اطلاق کویت میں موجود ہر مقامی شہری پر بھی کیا جائےگا اور یہ اس کے موبائل فون میں موجود بلیو ٹوتھ ڈیوائس کی ایکٹیویشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ بلیو ٹوتھ کے ذریعے متعلقہ شخص سے ملنے والے افراد کا بھی پتا لگایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 14 روز کے دوران متاثرہ شخص کے موبائل فون پر موصول ہوئے الرٹس کے ذریعے انسداد ٹیم ان افراد تک پہنچ کر ایکشن لے سکے گی۔
ایپل اور گوگل نے بھی اسمارٹ فون ٹیکنالوجی سے فائدہ حاصل کرنے اور کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
دونوں کمپنیوں کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک نئی ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے۔ ایپلی کیشن بلیو ٹوتھ سنگلز کو استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو میسج کے ذریعے اطلاع کرے گی کہ وہ کن کن وائرس سے متاثرہ افراد سے مل رہے ہیں یا مل چکے ہیں۔ اس کے بعد ایپلی کیشن میسجز کے ہی ذریعے انہیں لازمی طور پر قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کرے گی۔
ایپل اور گوگل کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ متعلقہ شخص کی ڈیجیٹل شناخت کمپیوٹر سرورز میں محفوظ رہے گی اور رازداری کے تحت اسے ظاہر نہیں کیا جائے گا۔