کویت، ۲۲ مارچ ۲۰۲۰: وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تمام تارکینِ وطن جو کویت میں غیر قانونی طور پر بغیر اقامہ کے رہائش پزیر ہیں اُ ن کوبغیر جرمانے ادا کئے کویت سے جانے کی اجازت دی جائے گی اور ان کے پاس یہ آپشن موجود ہوگا کہ وہ نئے ویزے پر واپس آسکیں۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ کویت نے وزارأ کابینہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں یہ درخواست کی گئی ہے کہ ایسے تمام تارکینِ وطن جو بغیر اقامہ کے کویت میں مقیم ہیں اُ ن کو کفیل یا کمپنی کی اجازت کے بغیر کویت چھوڑنے کے لئے سفر کرنے کی اجازت دی جائے، ماسوائے اُن افراد کے جو سیکیورٹی اداروں کو مطلوب ہیں یا جن پر سفری پابندی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ وزارتِ داخلہ کی سفارش پر ملک کی موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں جلد کوئی فیصلہ جاری کرے گی۔ مزید برآں یہ کہ ایسے تمام غیر قانونی تارکینِ وطن کو یہ اجازت نہیں ہوگی کہ وہ اپنے قیام کو قانونی حیثیت میں تبدیل کرلیں لیکن اُن کو ملک چھوڑنے اور دوبارہ نئے ویزے پر آنے کی اجازت ہوگی۔جو افراد کابینہ کی طرف سے ممکنہ دی جانے والی چھوٹ کی مدت میں کویت سے نہیں جائیں گے وہ سزا کے حق دار ہونگے اور اُن کو نہ صرف کویت سے بے دخل کیا جائے گا بلکہ دوبارہ واپس آنے پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ممکنہ چھوٹ سے ایسے دو لاکھ کے قریب تارکینِ وطن فائدہ اٹھاسکیں گے جو اپنے کفیل یا کام کرنے کی جگہ سے بھاگے ہوئے ہیں اور جن پر جرمانے ہیں۔